یخنی پُلاؤ
اجزا: مرغ ( ثابت ): ایک عدد، ثابت الائچی: چار عدد، کالی مرچ: دس عدد، نمک: ساڑھے تین چمچے، پیاز: دو عدد، لونگ: تین عدد، باسمتی چاول: ڈھائی کپ، گھی: پانچ کھانے کے چمچے، لہسن: دو جوے ( کُچل لیں)، ادرک ( کُچلی ہوئی): نصف چائے کا چمچہ، گرم مسالا: نصف چائے کا چمچہ، پسی الائچی: نصف چائے کا چمچہ، عرق گلاب: تین کھانے کے چمچے، کشمش: چوتھائی کپ، بادام ( فرائی کیے ہوئے): چوتھائی کپ، مٹر کے دانے( فرائی کیے ہوئے: ایک کپ، اُبلے ہوئے انڈے: تین عدد ( دو دو ٹکڑے کرلیں )، نوٹ: موخرالذکر تین اجزا کااستعمال آپ کی صوابدید پر ہے۔
بنانے کا طریقہ:
مرغ، الائچی، کالی مرچ، پیاز، لونگ اور نمک پانی میں ڈال کر چولھے پر چڑھادیں۔ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک پکنے دیں یہاں تک کہ یخنی بن جائے۔ اب چولھے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ مرغ باہر نکال لیں۔ یخنی کم از کم چار کپ ضرور ہونی چاہیے۔گوشت کو ہڈیوں سے الگ کرلیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔
چاول اچھی طرح دھولیں ، اور چھلنی میں رکھ کر سُوکھنے کے لیے چھوڑ دیں۔ چاول قدرے خشک ہوجائیں تو ایک بڑے برتن یا دیگچی وغیرہ میں گھی ڈال کر پیاز بھونیں یہاں تک کہ سنہری ہوجائیں۔ اب اس میں لہسن اور ادرک ڈال کر مزید ایک دو منٹ تک بُھونیں۔ اس دوران چمچہ مسلسل چلاتے رہیں۔
چاول شامل کردیں اور درمیانی آنچ پر پانچ منٹ تک بُھونیں۔ اس دوران سوراخ دار چمچے سے مسلسل چلاتے رہیں۔
اب دیگچی میں گرم یخنی، گرما مسالا، پسی الائچی، ڈیڑھ کھانے کا چمچہ نمک، عرق گلاب، کشمش اور گوشت ڈال دیں اور اچھی طرح چلائیں۔ پھر دیگچی کو ڈھک دیں، اور دھیمی آنچ پر بیس منٹ تک پکنے دیں۔ اس دوران ڈھکن نہ ہٹائیں اور نہ ہی چمچہ چلائیں۔
چاول پک جائیں تو چولھے سے اُتار لیں۔ ڈش میں احتیاط سے نکال لیں۔ بادام، مٹر کے دانوں اور انڈوں سے سجا کر پیش کریں۔

0 تبصرے